خبرنامہ انٹرنیشنل

ایران کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

ایران کی صورتحال پر سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم

ایران،(ملت آن لائن)ایران کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس اختلاف رائے کا شکار ، اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ ایران میں جاری مظاہروں پر اراکین اختلاف رائے کا شکار ہوگئے،روس کی جانب سے معاملہ سلامتی کونسل لانے پر امریکا پر شدید تنقید، کہا ایران میں ہونے والے مظاہرے سے عالمی امن اور سلامتی کو خطرہ نہیں۔ اقوام متحدہ میں امریکی مندوب نکی ہیلی نے کہا کہ دنیا ایران معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ فرانس کا کہنا ہے کہ ایرانی معاملات پر تشویش ضرور ہے مگر اس سے عالمی امن کو خطرہ نہیں۔ برطانوی مندوب نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں ایران کے جائز سیکورٹی مفادات کا حصول اکثر ایسے انداز میں کیا گیا جس سے عدم استحکام پیدا ہوا اور دیگر ممالک کوخطرہ ہوا، دہشت گردی کو مدد ملی اور خود ایرانی معیشت کو نقصان ہوا ۔

…………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…سعودی ایئرڈیفنس فورسز نے یمن سے آنے والا بیلسٹک میزائل تباہ کردیا

ریاض:(ملت آن لائن) سعودی ایئر ڈیفنس فورسز نے یمن سے سعودی حدود میں فائر کیے گئے بیلسٹک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔ عرب نیوز کے مطابق حوثی باغیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شمالی صوبے نجران کی جانب بیلسٹک میزائل فائر کیا گیا جسے سعودی ڈیفنس فورسز نے فضا میں ہی تباہ کردیا جب کہ میزائل یمن سے فائر کیا گیا۔ عرب نیوز کا مزید کہنا ہے کہ حوثی باغیوں کے زیرانتظام نیوز چینل المسیرا ٹی وی پر میزائل سے متعلق خبر چلنے کے بعد سعودی ڈیفنس فورسز نے میزائل کو فضا میں ہی تباہ کیا تاہم اس کے نتیجے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ حوثی باغیوں نے سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب ایک بیلسٹک میزائل فائر کیا جس میں یماما رائل پیلس کو نشانہ بنایا جانا تھا تاہم سعودی فورسز نے اس کوشش کو ناکام بنایا۔ گزشتہ سال نومبر میں بھی حوثی باغیوں کی جانب سے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو نشانہ بنایا گیا تاہم سعودی ڈیفنس فورسز نے جوابی میزائل داغ کر اس کوشش کو ناکام بنایا۔