ماسکو ۔(ملت آن لائن)روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے روس ایران تعلقات کو دونوں ملکوں کے عوام کے مفاد میں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا ملک ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کا پختہ ارادہ رکھتا ہے۔ نیوز ایجنسی ارنا کے سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخاروا کا کہنا تھا کہ ایران کے خلاف امریکہ کی عائد کردہ پابندیاں عالمی قوانین اور بین الاقوامی تعلقات کے مسلمہ اصولوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر ملکوں کے خلاف امریکی پابندیوں کے حوالے سے روس کا مؤقف پوری طرح سے واضح ہے اور ان پابندیوں کو غیر قانونی سمجھتے ہیں اور ان پر عملدرآمد نہیں کریں گے۔ ترجمان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ روس صرف سلامتی کونسل کے فیصلوں کو قابل عمل سمجھتا ہے اور باقی تمام معاملات میں دو طرفہ مفادات کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ایٹمی معاہدے سے علیحدگی اختیار کرکے اس معاہدے کے دیگر فریقوں کی برسوں کی محنت کو پامال کردیا ہے۔