لندن ۔ (اے پی پی) انسانی حقوق کے عالمی ادارہ ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے بھا رت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی مذمت کی ہے ۔ بدھ کو ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ بھارت میں حکام مذہبی تشدد کی روک تھام کرنے میں ناکام رہے ہیں اور انہوں نے انتشار پھیلانے والی تقاریر کے ذریعے کشیدگی پیداکی ہے ۔ لندن میں قا ئم انسانی حقوق کے عالمی ادارہ نے اپنی تازہ تریں رپورٹ میں کہا ہے کہ بھا رت میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت قابل مذمت ہے ۔ 2015- 2016 کی رپورٹ میں متنبہ کیا گیاہے کہ دنیابھر میں کئی حکومتوں نے شہری آزادیوں کے حوالہ سے بین الاقوامی قانو ن کی خلاف ورزی کی ہے جبکہ بھارت میں کئی کلیدی شہری آزادیوں کے خلاف کیا گیا کریک ڈاؤن بھی بین الاقوامی قوانین کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے ۔رپورٹ میں بھارت میں سول سوسائٹی کی تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن اور ادیبوں شاعروں اور فنکاروں کی طرف سے سرکاری اعزازات کی واپسی، اور ذات پات کی بڑھتی ہوئی تمیز کا بھی حوالہ دیاگیا ہے ۔