خبرنامہ انٹرنیشنل

این ایس جی میں بھارت کی حمایت پرپاک امریکا تعلقات خراب ہوسکتے ہیں، کانگریس

نیویارک:(اے پی پی) امریکی کانگریس میں کہا گیا ہے کہ امریکا کی بھارت کے لئے نیوکلئیر سپلائر گروپ میں رکنیت کے لئے غیر مشروط حمایت مسئلہ بن سکتی ہے کیوں کہ اس سے خطے میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں خطرناک صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ امریکی کانگریس میں پاک بھارت ہتھیاروں کی دوڑ پر قابو پانے کی رائے پر غور کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بھارت کی نیوکلیئرسپلائرز گروپ میں رکنیت پر پہلی مرتبہ بات کی گئی۔ امریکی کانگریس میں کہا گیا کہ اگر امریکا نے نیوکلئیر سپلائرز گروپ میں بھارت کی رکنیت کے لئے حمایت کی تو اس سے خطہ مشکلات کا شکار ہو جائے گا اور جوہری ہتھیاروں کی دوڑ میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا- امریکی کانگریس میں کہا گیا کہ این ایس جی کے لئے بھارت کی حمایت کرنے پر پاکستان بھی اپنے جوہری ہتھیاروں کو بڑھانے پر مزید توجہ دے گا جب کہ پاکستان اور امریکا کے تعلقات بھی خراب ہونے کا خدشہ ہے۔