خبرنامہ انٹرنیشنل

این سی جی میں بھارت کی شمولیت خطرناک ہوگی، امریکی سینیٹر

واشنگٹن:(اے پی پی)امریکی سینیٹرایڈمارکی نے خبردار کیا ہے کہ نیوکلیئر سپلائرز گروپ (این ایس جی) میں بھارت کی شمولیت سے جنوبی ایشیا میں ایک نہ ختم ہونے والی ایٹمی دوڑکاآغاز ہوجائے گا۔ سینیٹرمارکی نے جنوبی ایشیاکیلیے امریکا کی اسسٹنٹ سیکریٹری نشابسوال کوخبردارکرتے ہوئے کہاکہ جوکچھ آپ کررہے ہیں اس سے ایک ایساماحول پیداہوجائے گاجوکبھی نہ ختم ہونے والے ایک سائیکل کوجنم دے گاجس کے بعدپھرجنگی ایٹمی ہتھیاروں سمیت دیگرجوہری ہتھیارتیار کیے جائیں گے ، امریکا ، بھارت تعلقات کے حوالے سے سینیٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی سماعت کے دوران سینیٹر مارکی نے امریکی عہدیداروں پرواضح کیاکہ اوباما انتظامیہ کی بھارت کو این ایس جی میں شمولیت میں مدد دیناخطرناک اور غیر ضروری ہے۔ انھوں نے کہاکہ بھارت کو دی جانے والی ان مراعات سے پاکستان بھی اپنی جوہری صلاحیت میں اضافہ کریگا جو ایک بہت خطرناک رجحان ہے،خاص طور پراْس وقت جبکہ ہم جوہری ہتھیاروں کے غیر ریاستی عناصرکے ہاتھوں میں جانے کے حوالے سے کافی فکرمند ہیں۔ سینیٹر مارکی نے کہاکہ اگربھارت این ایس جی کی رکنیت حاصل کر لیتاہے تووہ واحد حکومت ہوگی جونیوکلیئر نان پرولیفریشن ٹریٹی (این پی ٹی) کا حصہ نہیں ہوگی۔اس موقع پر اسسٹنٹ سیکریٹری بسوال نے کہا کہ صدر باراک اوباما نے یہ یقین دلایاہے کہ بھارت شرائط پر پورا اترتاہے تاہم سینیٹر مارکی نے اْن کی اس بات سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم بھارت کورعایت دے رہے ہیں توپاکستان کواپنی مرضی کرنے سے کس طرح سے روک سکتے ہیں؟۔