تہران:(اے پی پی) امریکی حکومت نے اعتراف کیا ہے کہ ایٹمی معاہدے کے دائرے میں ایران نے اپنے تمام وعدوں پر عمل کیا ہے۔ ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق وائٹ ہاؤس کے ترجمان جوش ارنسٹ نے ایک پریس کانفرنس میں کہا ہے کہ ایران نے جوہری معاہدے پرعمل درآمد کے سلسلے میں اپنے تمام وعدوں پر عمل کیا اور موثر اقدامات کئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ جوہری معاہدے پر پہنچنے میں روس کا تعاون بھی بہت زیادہ موثر واقع ہوا ہے۔ جوش ارنسٹ کے مطابق ایران کے ساتھ طے پانے والا ایٹمی معاہدہ امریکا کی قومی سلامتی کے فروغ کا باعث بنا ہے۔ البتہ ترجمان نے کہا کہ ایران کے ساتھ تجارت میں امریکی صنعتوں کو محدود رکھے جانے اور اس کے میزائل پروگرام کے خلاف پابندیوں کا عمل بدستور جاری رہے گا۔