خبرنامہ انٹرنیشنل

ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے، وزیر خارجہ

ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے، وزیر خارجہ
روم۔(ملت آن لائن) ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے۔عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق محمد جواد ظریف نے اٹلی کے دارالحکومت روم کے ہوائی اڈے پر صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ بحیرہ روم کے ساحلی ملکوں کے وزرائے خارجہ کی روم میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا موضوع، مشرق وسطی کی انتہائی خطرناک صورت حال اور ایٹمی معاہدہ ہے۔انہوں نے اس بین الاقوامی کانفرنس میں ایٹمی معاہدے کا موضوع اٹھانے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر ہرگز دوبارہ مذاکرات نہیں ہو سکتے اور جیسا کہ رہبر انقلاب نیکہا ہے اس معاہدے پر مکمل طور پر عمل درآمد کیا جانا چاہئے۔ایرانی وزیرخارجہ نے اس کانفرنس میں مشرق وسطی کی صورتحال کے بارے میں ہونے والی مجوزہ گفتگو کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ جنگ کے میدان میں داعش کو شکست ہو چکی ہے تاہم ضرورت اس بات کی ہے کہ پوری دنیا میں داعشی نظریئے کی بیخ کنی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے لئے مالی اور اسلحہ سمیت تمام ذرائعکوختم کرنے کی ضرورت ہے۔