خبرنامہ انٹرنیشنل

ایکواڈور میں زلزلہ سے ہلاکتیں 270 ہو گئیں،2500 افراد زخمی

کیوٹو:(اے پی پی) لاطینی امریکہ کے ملک ایکواڈور میں ہفتہ کو آنے والے زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 272 تک پہنچ گئی ہے جبکہ اڑھائی ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں۔ ریکٹر سکیل پر اس زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی تھی اور اسے ایکواڈور کی حالیہ تاریخ کا بدترین زلزلہ قرار دیا جا رہا ہے۔ زلزلے سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور سینکڑوں مکانات منہدم ہوئے ہیں جبکہ سڑکیں اور بجلی کا نظام تباہ ہوگیا ہے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں جن میں 10 ہزار فوجی اور ساڑھے 3 ہزار پولیس اہلکار بھی شریک ہیں۔ اس زلزلے سے ملک کے شمال مغربی ساحلی علاقے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ ایک قصبے پیڈرنالس کے میئر کا کہنا ہے کہ وہاں منہدم ہونے والے ہوٹلوں کے ملبے میں سینکڑوں لاشیں موجود ہو سکتی ہیں۔