خبرنامہ انٹرنیشنل

ایکواڈور میں زلزلے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 413 ہوگئی

کیوٹو:(اے پی پی) ایکواڈور میں زلزلے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد بڑھ کر 413 ہوگئی ہے جبکہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل تیز کر دیا گیا ہے،صدر نے کہا ہے کہ تعمیرِ نو اور متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر درکارہیں جبکہ منہدم ہونے والے ایک ہوٹل کے ملبے سے 3 سال اور 9 ماہ عمر کی2 بچیاں سمیت 6 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایکواڈورکے صدر نے کہا ہے کہ یہ گذشتہ سات دہائیوں میں ملک پر ٹوٹنے والی سب سے بڑی آفت ہے۔متاثرہ علاقوں کے دورے کے بعد ان کا کہنا تھا کہ ان علاقوں کی تعمیرِ نو اور متاثرین کی بحالی کے لیے اربوں ڈالر درکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم ملبہ اٹھا رہے ہیں اور خدشہ ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھے گی۔انہوں نے کہا کہ جہاں جہاں ملبے سے زندگی کے آثار مل رہے ہیں ان مقامات کو ترجیح دی جا رہی ہے۔متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور امدادی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے مقامی کارکنوں کے علاوہ جنوبی امریکہ کے دیگر ممالک سے بھی ٹیمیں ایکواڈور پہنچی ہیں۔حکام کے مطابق اس وقت ساڑھے 13 ہزار سے زیادہ کارکن امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں جن میں سے 400 غیر ملکی ہیں۔امدادی کارکنوں نے مانتا نامی قصبے میں منہدم ہونے والے ایک ہوٹل کے ملنے سے 6 افراد کو زندہ نکالا ہے جن میں 3 سال اور 9 ماہ عمر کی2 بچیاں بھی شامل ہیں۔ایکواڈور کے صدر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ان میں تیزی آنے کے بعد ہلاک شدگان کی تعداد بھی تیزی سے بڑھ سکتی ہے۔ زلزلے سے ہلاک ہونے والوں میں مقامی افراد کے علاوہ غیر ملکی بھی شامل ہیں جن کا تعلق شمالی آئرلینڈ، کینیڈا اور امریکا سے بتایا گیا ہے۔