خبرنامہ انٹرنیشنل

ایک ملک جنوبی ایشیامیں دہشتگردی پھیلارہا ہے:مودی کی ہرزہ سرائی

ہنگ جو/نئی دہلی (آئی این پی)بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے جی 20سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کا نام لیے بغیر ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایک ملک جنوبی ایشیامیں دہشتگردی پھیلا رہا ہے ۔پیر کوبھارتی میڈیاکے مطابق وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوراپ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جی 20سربراہی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ دہشتگرد دہشتگرد ہوتے ہیں ایک ملک جنوبی ایشیا میں دہشتگردی پھیلانے میں مصروف ہے ۔گزشتہ روز بھارتی میڈیا نے دعوی کیا تھا کہ وزیراعظم نریندر مودی نے جی 20 سربراہی اجلاس کے موقع پر چینی صدر شی چن پنگ سے ملاقات میں سی پیک منصوبے پر تحفظات کا اظہار کیا۔وزارت خارجہ کے ترجمان وکاس سوارپ نے صحافیوں سے گفتگومیں بتایا کہ چینی صدر کے ساتھ 30 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں نریندر مودی نے منصوبے پرتحفظات کا اظہار کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو ایک دوسرے کی امنگوں، خدشات اور اسٹرٹیجک مفادات کا احترام کرنا چاہیے۔ دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہاکہ چینی صدر نے بھارتی وزیراعظم کوبتایاکہ ہمیں ایک دوسرے کی تشویش اور خدشات کا احترام کرتے ہوئے باہمی اختلاف کوتعمیری انداز میں دور کرنا چاہیے۔واضح رہے کہ بھارت اس سے پہلے بھی راہداری منصوبے پرغیرضروری اعتراضات اٹھاتا رہا ہے تاہم چین نے ہمیشہ ان کومسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ راہداری منصوبہ ہرصورت مکمل ہوگا۔دنیا کی20 بڑی معاشی طاقتوں پرمشتمل جی ٹوئنٹی گروپ کا اجلاس اتوار کو چین میں شروع ہوا، اجلاس سے افتتاحی خطاب میں چین کے صدر شی چن پنگ نے کہا ہے کہ عالمی معیشت میں بہتری آ رہی ہے تاہم اب بھی بہت سے مسائل کا سامنا ہے، انھوں نے عالمی رہنماوں سے کہا کہ وہ کھوکھلے اور بے مقصد مذاکرات سے اجتناب کریں۔