خبرنامہ انٹرنیشنل

ایک کے بعد دوسرا بحران ،ٹرمپ کا تخت ڈولنے لگا

واشنگٹن (ملت آن لائن + آئی این پی) ٹرمپ کے سابق سکیورٹی مشیر مائیکل فلن کی طرف سے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کے بعد معاملہ زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہو گیا ۔وائٹ ہاؤس کے حکام کی جانب سے روس کی امریکی انتخابات میں مداخلت کے حوالے سے ہاؤس انٹیلی جنس کمیٹی کے چیئرمین کو خفیہ طور پر بھیجے گئے مواد کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے نئے سوالات پیدا ہو گئے۔غیرملکی میڈیا کے مطابق اگرچہ بڑھتی ہوئی تنقید کی شدت کو کم کرنے کیلئے ٹرمپ کے سینئر وکیل نے دونوں پارٹیز کے قانون ساز ممبران کو وائٹ ہاؤس کی خفیہ معلومات دیکھنے کی دعوت دی ہے تاہم بگڑتی ہوئی صورتحال میں بہتری کی کم ہی امید ہے ،خصو صا حال ہی میں ٹرمپ کے سابق سکیورٹی مشیر مائیکل فلن کی طرف سے وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کے بعد معاملہ زیادہ پیچیدہ اور خطرناک ہو گیا ہے۔مائیکل فلن کے وکیل رابرٹ کیلنر کے مطابق فلن کے کانگریس کمیٹی کے ساتھ استثنی کے حوالے سے مذاکرات جاری ہیں تاہم بات چیت ابھی ابتدائی مراحل میں ہے اور باضابطہ طور پر کوئی پیشکش نہیں کی گئی ،ان کے مطابق جنرل فلن کے پاس بتانے کے لئے یقیناًمعلومات ہیں اور وہ بتانا چاہتے ہیں ،انہیں اس کیلئے سازگارماحول ملنا چاہیے ۔ فلن کے علاوہ ٹرمپ کے دوسرے ساتھی بھی رضا کارانہ طور پر تفتیش کاروں سے بات کرنے پر راضی ہیں ۔جس سے ممکنہ طور پر ٹرمپ کا تخت ڈولتا نظر آرہا ہے۔