خبرنامہ انٹرنیشنل

ای سی او رکن ممالک کو تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، ترک قبرص مبصر

اسلام آباد (ملت + آئی ا ین پی) ترک قبرص مبصر مصطفی اکینی نے کہا ہے کہ ای سی او رکن ممالک کو تعلقات مضبوط کرنے کی ضرورت ہے‘ مشکلات کے باوجود قبرص میں امن کے لئے کوشاں ہیں‘ علاقائی مسائل کے حل کے لئے ای سی او کی حمایت ضروری ہے جبکہ چین کے مبصر نے کہا ہے کہ چین ای سی او ممالک میں ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے‘ چین کو مبصر کی حیثیت میں اجلاس میں دعوت پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ بدھ کو اقتصادی تعاون تنظیم کے تیرھویں سربراہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترک قبرص مبصر مصطفی اکینی نے کہا کہ ای سی او ممالک کو موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔ رکن ملکوں کو باہمی مفاد کے شعبوں میں تعاون کرنا چاہئے۔ ای سی او کے تحت مختلف شعبوں میں ورکشاپس منعقد کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاحت‘ خدمات اور دوسرے مسائل پر ورکشاپس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ مشکل حالات کے باوجود قبرص میں امن کے لئے کوشاں ہیں۔ علاقائی مسائل کے حل کے لئے ای سی او کی حمایت ضروری ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے مبصر نے کہا کہ علاقائی ترقی میں باہمی تجارت‘ سرمایہ کاری اور روابط کا اہم کردار ہے۔ ای سی او کے ممالک چین کے دوست ہیں۔ چین ای سی او کے تمام ملکوں میں ترقی اور خوشحالی کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال اقتصادی تعاون بڑھانے سے متعلق فورم منعقد کرے گا۔ چین حکومتی اور عوامی سطح پر روابط کا فروغ چاہتا ہے۔ چین کو مبصر کی حیثیت سے ای سی او اجلاس میں بلانے پر پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ اس موقع پر اجلاس سے ای سی او کی مبصر ترکش کونسل کے نمائندے رمیز مسوف اور بین الاقوامی چارٹر کے رکن نے بھی خطاب کیا۔ اجلاس سے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے تادا میچی یاما موٹو نے بھی خطاب کیا۔ (ن غ)