خبرنامہ انٹرنیشنل

باراک اوبامہ کی ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں پرشدید تنقید

اوٹاوا۔:(اے پی پی) امریکی صدر باراک اوبامہ نے صدارتی انتخابات کی دوڑ میں شامل ریپبلکن امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز اوٹاوا میں پریس بریفنگ میں باراک اوبامہ نے ڈونلڈ ٹرمپ کا نام لئے بغیر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ امریکی معاشرے میں الگ تھلگ رہنے کے رجحانات کسی طورپر بھی ٹھیک نہیں ہیں ‘ یہ مرض کا غلط علاج ہے اور اس سے عالمگیریت کے مقاصد کو خطرات لاحق ہو جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ایک مربوط عالمگیر معیشت میں ہم اپنے آپ کو دنیا سے الگ اور جدا نہیں رکھ سکتے۔انہوں نے نارتھ امریکن فری ٹریڈ ایگریمنٹ کی حمایت کی اور کہا کہ اس سے امریکا کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ اس معاہدے پر دوبارہ مذاکرات کا اعلان کرچکے ہیں۔