خبرنامہ انٹرنیشنل

باغیوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی: رجب طیب اردگان

انقرہ: (اے پی پی) ملک میں ہونے والی فوجی بغاوت کے بعد ترک وزیر اعظم طیب اردگان کا قوم سے خطاب میں کہنا تھا کہ غداری کرنے والوں کو بھاری قیمت چکانا پڑے گی ۔ باغی طیاروں سے مختلف علاقوں پر بمباری کی گئی جس سے کئی افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوئے ۔ انھوں نے کہا کہ آج کا ترکی پہلے سے مختلف ہے ، پولیس، جمہوریت پسند فوج اور عوام نے سازش ناکام بنا دی ۔ ترک صدر کا کہنا تھا کہ عوام کی طاقت سے بڑی کوئی طاقت نہیں ۔ ملک کے اتحاد اور استحکام کے خلاف سازش کی گئی تھی ، غداروں کو ڈھونڈ نکالیں گے ۔ طیب اردگان نے فتح اللہ گولن پر بغاوت کا الزام دہرایا ۔ ان کا کہنا تھا کہ باغی فوجی پنسلوانیا سے ہدایات لے رہے تھے، ثابت ہو گیا گولان ایک دہشت گرد گروہ کا نام ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کنٹرول میں ہے اور یہ واضح ہو گیا کہ عوام نے کس کو منتخب کیا ہے ۔ انہوں نے کہا فوج میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کیا جائے گا ۔ غداروں کو اپنی حرکت کی کڑی قیمت چکانا ہو گی ۔ ترک صدر نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حالات معمول پر آنے تک گھروں کو نہ جائیں ۔