خبرنامہ انٹرنیشنل

بان کی مون کی یمن میں پرتشدد واقعات فوری طور پرروکنےکی اپیل

اقوام متحدہ:(اے پی پی) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل بان کی مون نے یمن میں فریقین سے ملک بھر میں پرتشدد واقعات فوری طور پر روکنے کی اپیل کی ہے ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق بان کی مون کی جانب سے یہ بیان عام شہریوں کی ہلاکتوں کے واقعات میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر سامنے آیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں بان کی مون نے یمنی تنازعے کے تمام فریقین سے کہا کہ وہ تشدد کے واقعات فوری طور پر روک دیں اور اقوام متحدہ کے خصوصی مندوب برائے یمن کی زیرنگرانی براہ راست امن مذاکرات میں شرکت کریں۔ انہوں نے فریقین سے کہا کہ عام شہریوں کا تحفظ بین الاقوامی قانون کے تحت تمام فریقین کی ذمہ داری ہے۔ بان کی مون نے اپنے بیان میں صنعا کے مشرق میں نہم کے علاقے میں ایک فضائی حملے میں 9 عام شہریوں کی ہلاکت کی مذمت کی ہے۔