خبرنامہ انٹرنیشنل

بجٹ کا بنیادی مقصد شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے، سعودی ولی عہد

بجٹ کا بنیادی مقصد شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانا ہے، سعودی ولی عہد
الریاض(ملت آن لائن)سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی اصلاحات کا مقصد شہریوں کا معیارِ زندگی بہتر بنانا ،مالیاتی استحکام کا حصول اور شہریوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد نے سالانہ میزانیے کے اعلان کے بعد ایک بیان میں کہا کہ یہ حکومت کا اخراجات کا سب سے بڑا پروگرام ہےاور یہ سرکاری مالیاتی نظام میں بہتری کے لیے کی جانے والی کوششوں کی کامیابیوں کا بھی مظہر ہے۔جاری کردہ بیان کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نےکہا کہ 2018ء کے وسیع تر بجٹ میں نئے ترقیاتی اقدامات شامل ہیں۔ ان کا مقصد ویڑن 2030ء میں اقتصادی استحکام کے لیے مقرر کردہ اہداف کا حصول ہے۔انھوں نے کہا کہ مملکت میں سرکاری شعبے کے اخراجات کو آیندہ مالی سال کے دوران میں ترقیاتی اہداف کے حصول کے ساتھ مربوط کیا گیا ہے۔معیشت کی بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے لیےآیندہ سال کے دوران میں پبلک انویسٹمنٹ فنڈ سے 83 ارب ریال کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔سعودی ولی عہد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت اقتصادی شرح نمو میں اضافے اور شہریوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔انھوں نے وضاحت کی کہ 2018ء کے میزانیے میں تخمینی اخراجات کے لیے سب سے زیادہ رقم (قریباً 338 ارب سعودی ریال) سرکاری سرمایہ کاری فنڈ سے مہیا کی جائے گی اور 133 ارب ریال قومی ترقیاتی فنڈ سے خرچ کیے جائیں گے۔