خبرنامہ انٹرنیشنل

بحران کو مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کیا جائے؛ کیوبا

بحران کو مذاکراتی عمل کے ذریعے حل کیا جائے؛ کیوبا
ہوانا:(ملت آن لائن) کیوبا نے جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کیلئے امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان بات چیت کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعرات کو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کیوبا نے شمالی کوریا کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امریکا سے مطالبہ کیا کہ وہ بحران کو مذاکراتی عمل کے ذریعے حل تلاش کرنے کی غرض سے اقدامات کرے۔ اس بات کا اظہار کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڑریگیوز نے دارالحکومت ہوانا میں شمالی کوریا کے ہم منصب ری یونگ ہو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ کیوبن وزیر خارجہ نے کہا کہ کیوبا جزیرہ نما کوریا میں امن و استحکام کا خواہشمند ہے، بات چیت اور مذاکرات کے بعد ہی مسئلہ کا دیرپا پرامن حل نکالا جاسکتا ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے پیر کے روز شمالی کوریا کو دہشت گردی کی حمایت کرنے والی ریاست قرار دیا تھا۔ شمالی کوریا کے وزیرخارجہ کا کیوبا کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہورہا ہے جب شمالی کوریا کے بیلاسٹک میزائلوں کے مسلسل تجربوں کے بعد امریکا اور شمالی کوریا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ ہورہا ہے۔