بحرین:(اے پی پی)بحرین کی وزارتِ داخلہ کا کہنا ہے کہ ملک میں غیر قانونی طریقے سے داخل ہونے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں چار امریکی صحافیوں کو گرفتار کرلیاگیا ہے۔ بحرین کی وزارت داخلہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چار امریکی صحافیوں کو سترا سے گرفتار کیا گیا ہے،جہاں اکثر حکومت مخالف مظاہرے ہو تے ہیں۔بیان میں کہا گیا ہے کہ گرفتار ہونے والوں میں سے کچھ غیر ملکی میڈیا کے ارکان کے طور پر ملک میں موجود تھے ۔لیکن وہ متعلقہ حکام کے پاس رجسٹرڈ نہیں تھے اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ حراست میں لیے جانے والوں میں سے ایک نقاب پہنے سترا میں فساد پھیلانے والوں کے ساتھ پولیس پر حملہ کرنے والوں میں شامل تھا۔ گرفتار صحافیوں میں ایک کی شناخت آنا تھیریسی ڈے کے نام سے ہوئی ہے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ وہ ابھی کوئی تبصرہ نہیں کر سکتے ہیں۔ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز نے ،تھیریسی ڈے کی شناخت کی تصدیق کرتے ہوئے چاروں کی فوراً رہائی کا مطالبہ کیا ہے اور ان کو حراست میں لیے جانے کو ناقابل معافی قرار دیا ہے۔