خبرنامہ انٹرنیشنل

بحیرہ روم: تارکین وطن700 افراد ڈوب گئے

بحیرہ روم / روم:(اے پی پی) اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ بحیرہ روم میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران تارکین وطن کی کشتیاں ڈوبنے کے باعث 700 سے زائد افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ اقوام متحدہ کے ادارے برائے مہاجرین کا کہنا ہے کہ سمندر کے راستے یورپ پہنچنے کی کوشش میں بحیرہ روم میں اٹلی کے ساحل کے قریب بدھ، جمعرات اور جمعہ کو تارکین وطن کی کشتیاں الٹنے کے نتیجے میں 700 سے زائد افراد ڈوب گئے جن کی تلاش کا کام جاری ہے تاہم ان تمام افراد کے ہلاک ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے اور یہ انتہائی خوفناک صورتحال ہے۔ اطالوی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ یہ تمام کشتیاں بدھ، جمعرات اور جمعہ کو سمندر میں ڈوبی تھیں جن میں ہزاروں افراد سوار تھے تاہم امدادی کاموں کے دوران 45 افراد کی لاشیں ملی ہیں جب کہ صرف رواں ہفتے میں 13 ہزار کے قریب پناہ گزینوں کو ڈوبنے سے بچایا گیا ہے۔ خانہ جنگی سے متاثرہ مشرق وسطیٰ کے ممالک سے اب تک لاکھوں افراد یورپی ممالک کی جانب ہجرت کرچکے ہیں جب کہ اس دوران سمندر کے راستے یورپ پہچنے کی کوشش میں بچوں اورخواتین سمیت ہزاروں پناہ گزین سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوچکے ہیں۔