خبرنامہ انٹرنیشنل

برازیل، معزول صدرڈیلماروزیف کی حمایت میں ہزاروں لوگ سڑکوں پر

ساؤپاؤلو:(اے پی پی) برازیل میں معزول صدر ڈیلما روزیف کے حق میں اور مائیکل ٹیمر کی حکومت کے خلاف ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق حکومت مخالف مظاہرے میں ایک لاکھ سے زائد مظاہرین نے شرکت کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مائیکل ٹیمر کی حکومت کے فوری خاتمے اور ملک میں جلد براہ راست انتخابات کرانے کے نعرے درج تھے۔ یاد رہے کہ برازیل کی سینیٹ نے کرپشن کے الزامات کی بنیاد پر ڈیلما روزیف کی معزولی کی منظوری دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق مظاہروں کے دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جبکہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے گیس بموں کا استعمال کیا۔ برازیلین صدر مائیکل ٹیمر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ حکومت مخالف مظاہرین کوئی اہمیت نہیں رکھتے کیونکہ مٹھی بھر مظاہرین 20 کروڑ سے زائد آبادی کی ترجمانی نہیں کرسکتے ۔