خبرنامہ انٹرنیشنل

برازیلین فٹبال ٹیم کو لے جانے والے طیارے کی تباہی کی وجوہات سامنے آگئیں

بگوٹا /برازیلیا:(ملت+آئی این پی)برازیلین فٹبال ٹیم کو لے جانے والے طیارے کی تباہی کی وجوہات سامنے آگئیں۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ طیارہ ایندھن کی کمی اور بجلی کا نظام ناکارہ ہونے کے باعث گرکر تباہ ہوا۔امریکی میڈیا کے مطابق طیارے کے پائلٹ اور ایئرٹریفک کنٹرول کے درمیان گفتگو کی آڈیو ریکارڈنگ سامنے آئی ہے جس سے پتہ چلتا ہے کہ پائلٹ نے ایئرٹریفک کنٹرول کو ایندھن کی کمی اور الیکٹرک نظام ناکارہ ہونے کا بتایا تھا۔ پائلٹ نے ایئرکنٹرول کو بتایا کہ طیارے کا ایندھن ختم ہوچکا ہے اور وہ ہنگامی لینڈنگ کرنا چاہتا ہے تاہم اس دوران بدقسمت طیارہ کولمبیا کے پہاڑی علاقے میں گرکرتباہ ہوگیا۔ حادثے میں اکہتر افراد ہلاک ہوئے جن میں بیشتر برازیل کی فٹبال ٹیم کے کھلاڑی تھے۔ حادثے میں خوش قسمتی سے چھ افراد محفوظ رہے جن میں فٹبال ٹیم کے تین کھلاڑی، بولیویا سے تعلق رکھنے والے دو کریو ممبرز اور ایک صحافی شامل ہے۔