خبرنامہ انٹرنیشنل

برازیلی صدرکیخلاف مواخذے کی کارروائی روکنے کا فیصلہ مسترد

برازیلیا(آئی این پی) برازیل کے سینیٹ کے صدر کا کہنا ہے صدر دلما روسیف کے خلاف مواخذے کی کارروائی شیڈول کے مطابق شروع ہو گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیل کے سینیٹ کے صدر رننن لیلہریوزنے صدر دلما روزیف کے خلاف مواخذے کی کارروائی روکنے کے ایوان زیریں کے قائم مقام اسپیکر والدیر مارانہاو کے فیصلے کو مسترد کردیا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے ساتھ اس طرح کا کھیل قبول کیا گیا تو اس کا مطلب ہو گا کہ مواخذے کے عمل کو روکنے میں ذاتی طور پر ملوث ہیں۔سینیٹ میں صدر روزیف کے خلاف ٹرائل کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کارروائی شیڈول کے مطابق ہو گی۔اس سے قبل ایوان زیریں کے قائم مقام اسپیکر نے صدر دلما روزیف کے خلاف سینیٹ میں کارروائی کے لیے سترہ اپریل کی ووٹنگ کو منسوخ کردیا تھا ۔برازیل کی سینیٹ میں بدھ کو صدر دلما روزیف کے خلاف کارروائی شروع ہو گی ۔