خبرنامہ انٹرنیشنل

برازیلی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں صدر کے مواخذہ کی تحریک دو تہائی اکثریت سے منظور

برازیلیہ:(اے پی پی) برازیل کی پارلیمنٹ کے ایوانِ زیریں نے صدر ڈلما روزیف کا مواخذہ کرنے کی تحریک دو تہائی اکثریت سے منظور کر لی ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق برازیل کی صدر پر بڑھتے ہوئے خسارے کو چھپانے کے لیے سرکاری اکاؤنٹس میں ہیر پھیر کرنے کے الزامات ہیں جن سے وہ انکار کرتی ہیں۔ان کا مواخذہ کرنے یا نہ کرنے کے معاملے پر گزشتہ روزکو برازیلی ایوانِ زیریں میں ووٹنگ ہوئی اور مواخذے کے حامی اس سلسلے میں قرارداد کی منظوری کے لیے درکار 342 ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔ حکمران جماعت ورکرز پارٹی نے صدر روزیف کے مواخذے کے معاملے پر ووٹنگ کے حتمی نتائج آنے سے قبل ہی شکست تسلیم کر لی تھی۔ایوانِ زیریں میں ورکرز پارٹی کے پارلیمانی رہنما ہوزے گومیرس نے کہا ہے کہ یہ لڑائی اب سینیٹ میں جاری رہے گی۔برازیلی کانگریس کے ایوانِ زیریں سے اس قرارداد کی منظوری کے بعد اب ایوانِ بالا میں صدر روزیف کا مواخذہ کرنے کی منظوری کے لیے سادہ اکثریت درکار ہوگی اور اس سلسلے میں ووٹنگ مئی کے آغاز میں متوقع ہے۔