خبرنامہ انٹرنیشنل

برساتی پہن کر نہانے کا فن تو کوئی منموہن صاحب سے سیکھے: بھارتی وزیراعظم

نئی دہلی (ملت + آئی این پی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پارلیمان میں بحث کے دوران سابق وزیراعظم منموہن سنگھ پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ رین کوٹ یعنی برساتی پہن کر نہانے کا فن تو کوئی ڈاکٹر صاحب سے سیکھے۔ان کے اس بیان پر کافی ہنگامہ آرائی ہوئی اور احتجاجا کانگریس پارٹی نے ایوان کا بائیکاٹ کردیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی نے بدعنوانی کے حوالے سے کانگریس پر جم کر تنقید کی اور سابق وزیر اعظم منموہن سنگھ پر بھی نکتہ چینی کی۔مودی نے کہا کہ ان کے دور اقتدار میں اتنی کرپشن ہوئی لیکن ان پر ایک داغ تک نہیں لگا۔ انھوں نے کہا ‘باتھ روم میں رین کوٹ پہن کر نہانے کا فن تو کوئی ڈاکٹر صاحب سے سیکھے۔کانگریس پارٹی اس بیان سے اتنا برہم ہوئی کہ اس نے مودی سے معذرت کرنے کو کہا اور پھر ایوان سے بائیکاٹ کیا۔منموہن سنگھ کے نہانے کا ذکر 12 برس قبل نیوز ویک کے ایک مضمون میں ہوا تھا۔ اس میں اس بات کا ذکر تو نہیں تھا کہ وہ برساتی پہن کر نہاتے تھے یا نہیں لیکن یہ ضرور لکھا تھا کہ وہ کس طرح اور کیسے نہاتے تھے۔نیوز ویک کے ایڈیٹر فرید زکریا نے 2004 میں اپنے ایک مضمون میں لکھا تھا کہ معروف ماہر اقتصادیات جگدیش بھگوتی اپنے کلاس فیلو منموہن سنگھ کے بارے میں یہ کہا کرتے ہیں کہ ‘ہم دونوں کیمبرج یونیورسٹی میں ساتھ پڑھتے تھے، اور مجھے ایک غریب کسان خاندان سے انے والے اس نوجوان کی بات چھو گئی جو ہر صبح چار بجے ٹھنڈے پانی سے نہاتا تھا ۔