برسلز:(اے پی پی)بیلجئیم کے حکام نے برسلز دھماکوں کے ملزم کو گرفتار نہ کرنے کی غلطی کا اعتراف کیا ہے ، دھماکوں میں ملوث ہونے کے شبے میں برسلز سے چھ افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، دوسری طرف فرانس نے حملے کی منصوبہ بندی کرنے والے ایک شدت پسند کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ بیلجئیم کے اعلیٰ حکام نے اعتراف نے کیا ہے کہ برسلز میں خود کو دھماکے سے اڑانے والے دہشت کو گرفتار نہ کرنا ایک غلطی اور ناکامی تھی ۔ بیلجیئم کے وزیر داخلہ اور وزیر انصاف نے اس معاملے پر اپنا استعفیٰ دیا ہے جو وزیر اعظم چارلز مچل نے رد کر دیا ہے ۔ دوسری طرف بیلجیئم کی پولیس نے دارالحکومت برسلز میں چھ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق یہ گرفتاریاں شاربیک میں گھر گھر تلاشی کے دوران ہوئی ہیں ، گرفتار افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے ۔ ادھر فرانس میں پولیس نے ارجینٹوائی میں کارروائی کے دوران ایک مشتبہ شدت پسند کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے جو حملہ کرنے کا منصوبہ بنا رہا تھا ۔ فرانس کے وزیر داخلہ برنارڈ کزینیؤ کے مطابق یہ شخص اپنے منصوبے میں کافی آگے تک تیاری کر چکا تھا ، تاہم پیرس اور برسلز حملوں سے اِن کا کوئی تعلق نہیں ۔