برسلز:(آئی این پی)برسلز حملوں کے الزام میں گرفتار 3افراد پر دہشت گردی کی فرد جرم عائد کر دی گئی ۔ سیکورٹی خدشات اور پولیس کی کمی کے باعث برسلزحملوں کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لیے تقریب منسوخ کردی گئی ۔ بیلجیئم کے پراسیکیوٹر کے مطابق گرفتار 3افراد پر دہشت گرد حملوں کی فرد جرم عائد کردی گئی ہے ۔ برسلز ایئرپورٹ دھماکے میں ملوث تیسرا مشتبہ ملزم فری لانس صحافی فیصل شفو ہے ، فیصل شفو کو اس کے گھر پر چھاپا مارکارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا ،ملزم کے گھر سے کسی قسم کا اسلحہ یا دھماکا خیز مواد برآمد نہیں ہوا۔ بیلجیئن میڈیا کا کہنا ہے کہ فیصل شفو ممکنہ طورپر ایئرپورٹ کی سی سی ٹی وی وڈیو میں نظر آنے والا تیسرا ملزم ہوسکتا ہے ۔ پراسیکیوٹر کے مطابق گرفتار ملزم فیصل شفو پر دہشت گردی ،قتل اور اقدام قتل کی فرد جرم عائد کردی گئی جبکہ دوسرے 2 ملزمان ابوبکر اور رباہ کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں اور دہشت گرد گروپ کی رکنیت رکھنے کا جرم عائد کیا گیا ہے ۔ دوسری جانب سیکورٹی خدشات اورپولیس کی کمی کے باعث ملتوی برسلز حملوں کے متاثرین سے اظہاریکجہتی کے لیے تقریب منسوخ کردی گئی ہے ۔ تقریب میں یورپی رہنماؤں کی آمد متوقع تھی ۔بیلجیئم حکام کے مطابق برسلز حملوں میں مرنے والے 31میں سے 24افراد کی شناخت ہو گئی ہے جن کا تعلق 9مختلف ممالک سے ہے ۔