خبرنامہ انٹرنیشنل

برصغیر کے معروف موسیقار روبن گھوش انتقال کر گئے

ڈھاکہ ۔ (اے پی پی) برصغیر کے معروف و ممتاز موسیقار روبن گھوش طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ۔ موسیقار روبن گھوش 1939ء میں بغداد میں پیدا ہوئے ۔ 1980ء کی دہائی میں انہوں نے بطور موسیقار پاکستان انڈسٹری میں کیریئر کا آغاز کیا۔ ان کے دور میں موسیقی میں جدت آئی، روبن گھوش نے چکوری ، جہاں تم وہاں ہم ، پیسہ اور دیگر کامیاب فلموں کی موسیقی ترتیب دی ۔ بلاک بسٹر فلموں تلاش ، چکوری ، چاہت اور آئینہ کیلئے انہوں نے بہترین موسیقار کا نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا ، انہوں نے احمد رشدی کے کئی مقبول گانوں کی دھنیں ترتیب دیں۔ علاوہ ازیں انہوں نے منفرد بنگالی فلموں کی بھی موسیقی دی ہے ۔ ان کے معروف گیتوں میں سرفہرست نیرانور کا گانا’’ روٹھے ہو تم تم کو کیسے مناؤں پیا ‘‘ہے ۔ وہ ماضی کی معروف اداکارہ شبنم کے شوہر تھے ، ان کی جوڑی پاکستانی فلم انڈسٹری کی کامیاب جوڑیوں میں شمار ہوتی تھی،وہ ڈھاکہ میں طویل علالت کے بعد 76برس کی عمر میں انتقال کر گئے ۔