خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانوی اخبار نے پاکستانی ٹیکس چور حکمرانوں کی فہرست جاری کردی

لندن:(اے پی پی)ٹیکس بچانے کیلئے بیرون ملک دولت رکھنے والے سیکڑوں با اثر افراد کی فہرست لیک ہوگئی،برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ لسٹ میں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں کے نام بھی شامل ہیں۔ بین الاقوامی جرم اور کرپشن کا نیا ریکارڈ سامنے آگیا،دستاویزات میں دنیا کے بہتر حالیہ اور سابقہ سربراہانِ مملکت، آمروں، دہشت گردوں اور دیگر جرائمہ پیشہ افراد کا ذکر ہے، جن پر اپنے ملکوں کی دولت لوٹنے کا الزام ہے،لاکھوں کی تعداد میں لیک ہونے والی دستاویزات نے ان تمام افراد کا بھانڈا پھوڑدیا۔ برطانوی اخبار کے مطابق اس فہرست میں وزیراعظم نوازشریف اور ان کے بچوں مریم نواز، حسین نواز اور حسن نواز کے نام بھی شامل ہیں- یہ دستاویزات پاناما کی ایک لا فرم موساک فونیسکا سے افشا ہوئیں اور ان کی تعداد ایک کروڑ دس لاکھ ہے،کمپنی کا کہنا ہے کہ وہ چالیس برسوں سے بے داغ طریقے سے کام کر رہی ہے اور اس پر کبھی کسی غلط کام میں ملوث ہونے کا الزام نہیں لگا۔ آئی سی آئی جے کے ڈائریکٹر جیرارڈ رائل کا کہنا ہے کہ ان کے خیال سے یہ انکشافات آف شوردنیا کو پہنچنے والا سب سے بڑا صدمہ ثابت ہوں گے۔ اس ڈیٹا میں ان خفیہ آف شور کمپنیوں کا ذکر ہے جن کے روس کے صدر پیوٹن، مصر کے سابق صدر حسنی مبارک، لیبیا کے سابق رہنما معمر قذافی اور شام کے صدر بشار الاسد کے خاندانوں اور ساتھیوں کے ساتھ روابط ہیں۔ اس کے علاوہ اس میں ایک ارب ڈالر پر مشتمل کالا دھن سفید کرنے والے ایک گروہ کا بھی ذکر ہے جسے ایک روسی بینک چلاتا ہے اور جس کے روسی صدر ولادی میر پیوٹن کے قریبی ساتھیوں کے ساتھ روابط ہیں، دولت کی ترسیل آف شور کمپنیوں کے ذریعے کی جاتی تھی، جن میں سے دو کے سرکاری طور پر مالک روسی صدر کے قریبی دوست تھے۔