(اے پی پی) برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو اور دیگر انٹیلی جنس ایجنسیاں نو مسلموں کو اپنا جاسوس بنانے کی کوشش کر رہی ہیں۔ایرانی پریس ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق یہ بات برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز میں انجام دی جانے والی ایک تحقیق کے دوران سامنے آئی۔ اس تحقیق میں 50نو مسلم برطانوی شہریوں نے حصہ لیا اور محققین کے سوالوں کے جوابات دینے کے علاوہ اپنے تجربات سے بھی آگاہ کیا۔ اس تحقیقی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ انٹیلی جنس ایجنسیاں سمجھتی ہیں کہ نومسلموں کو استعمال کرنا آسان ہے کیونکہ یہ لوگ اپنی برادری سے الگ تھلگ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاسوس اداروں کے ایجنٹ یا تو ان مسلمانوں کے ساتھ جھوٹی ہمدردی ظاہر کرتے ہیں یا پھر انہیں ڈرا دھمکا کر تعاون کرنے پر مجبور کرتے ہیں۔ تاہم بعض ماہرین کا خیال ہے کہ جاسوس اداروں کے ساتھ تعاون کا دائرہ نومسلموں تک محدود نہیں ہے۔ کیمبرج یونیورسٹی کے اسلامک اسٹڈیز شعبے کے سربراہ پروفیسر یاسر سلیمان نے کہا ہے کہ نو مسلموں کو معاشرے اور دیگر برطانوی نژاد شہریوں سے الگ تھلگ کرنے کی فکر، میڈیا کی جانب سے پھیلائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے ذریعے یہ فکر پھیلائی جا رہی ہے کہ جو لوگ اسلام اختیار کرتے ہیں وہ شدت پسند اور انتہا پسند ہیں، چاہے وہ انتہا پسند فکر رکھتے ہوں یا نہیں۔