خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانوی وزیر اعظم کی رہائش کے باہر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج

لندن ۔ 24 اکتوبر (ملت + اے پی پی) لندن میں کشمیریوں نے برطانوی وزیرِ اعظم کی رہائش گاہ کے باہر بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق لندن میں مقیم کشمیری بھی بھارتی بربریت کے خلاف سڑکوں پر آگئے ،مظاہرین نے موم بتیاں جلا کر کشمیری شہداء سے اظہار یکجہتی کیا اور برہان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔ برطانوی وزیر اعظم تھریسا مے کی سرکاری رہائشگاہ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر کشمیر کی آزادی کے حق میں اور بھارت کی کشمیر میں ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے باہر ہونیوالے مظاہرے کی قیادت مسلم کانفرنس کی رہنما مہرالنساء اور سابق ممبر برطانوی پارلیمنٹ جارج گیلوے نے کی۔ مظاہرے میں بڑی تعداد میں برطانیہ اور دنیا کے دیگر ممالک سے کشمیریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے شہدائے کشمیر سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے موم بتیاں روشن کیں اور برہان وانی شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔