خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانیہ میں برف باری اور بارش ، سیلاب کا خطرہ

برطانیہ:(ملت+اے پی پی) میں برف باری اور بارش کے بعد سیلاب کا خطرہ ہے اس لیے ساحلی علاقوں سے لوگوں نے نقل مکانی کرلی ہے۔ یورپ اورامریکا بدستور سرد موسم اور برفباری کی لپیٹ میں ہیں،برطانیہ میں برفباری اور یخ بستہ ہواؤں کے ساتھ بارشوں نے سیلاب کے خطرات میں اضافہ کردیا ہے۔ جنوبی انگلینڈ کے ساحلی علاقوں سے ہزاروں لوگ محفوظ مقام پر منتقل ہوگئے ۔ متعدد پروازیں منسوخ جبکہ ٹریفک کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ یونان میں پانچ روز سے جاری شدید برفباری نے رہائشیوں کو گھروں میں محصور کردیا، سیاح برف میں پھنس گئے، ٹریفک، بجلی اور مواصلات کا نظام بری طرح متاثر ہوا، متاثرہ علاقوٕں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ امریکا کی مغربی ریاستوں میں کہیں برفباری میں کمی ہوئی تو کہیں شدید برفباری کے خطرات موجود ہیں، ریاست نیواڈا کے پہاڑی علاقوں میں شدید برفباری کا امکان ہے، لوگوں کو احتیاط کی ہدایت کردی گئی۔ کیلیفورنیا میں طوفانی بارشوں اور سیلاب سے ہائی وے کو شدید نقصان پہنچا ہے، بارشیں اور سیلاب کے باعث ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل ہوگئے۔ برفباری مشکل تو لائی لیکن ساتھ ہی خوبصورت نظارے بھی تخلیق کردیے، برف نے کیلیفورنیا کے نیشنل پارک کو خوابوں کی حسین وادی میں بدل دیا ہے۔