خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانیہ میں خاتون نے سڑک پر بچے کو جنم دے دیا

برطانیہ میں خاتون

برطانیہ میں خاتون نے سڑک پر بچے کو جنم دے دیا

لندن:(ملت آن لائن) برطانوی خاتون نے اسپتال جاتے ہوئے شدید برف باری کے دوران مرکزی شاہراہ پر اپنی گاڑی میں ہی بچے کو جنم دے دیا۔ برطانوی خاتون ڈینیلا وارنگ دردِ زہ کے باعث اپنے شوہر کے ہمراہ اسپتال جارہی تھیں کہ شدید برف باری میں پھنس گئیں، ریسکیو اداروں کو فون کیا گیا لیکن کسی بھی قسم کی مدد کے درمیان موسم کی سختی حائل رہی، اس سے قبل کہ کوئی طبی امداد پہنچتی خاتون نے اپنے شوہر کی مدد سے گاڑی کے اندر ہی بچے کو جنم دے دیا۔ بچے کے والد اینڈریو نے میڈیا کوبتایا کہ برفانی طوفان کے درمیان ہم پھنس چکے تھے اور ریسکیو ادارے بھی پہنچنے سے قاصر نظر آ رہے تھے جس پر میں نے اپنی اہلیہ کی ہمت بندھائی اور حالات کی سنگینی سے آگاہ کیا پھر قسمت بھی ہمارے ساتھ تھی اور یوں ناممکن ممکن ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ میں تیسری بار باپ بننے پر نہایت خوشی محسوس کررہا ہوں لیکن اس بار کا تجربہ ساری زندگی یاد رہے گا۔
ریسکیو ادارے کی ایمبولینس نے طبی ٹیم کے ہمراہ کچھ ہی دیر بعد جائے وقوع پر پہنچ کر زچہ اور بچہ کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جہاں دونوں کی طبیعت بہتر بتائی جاتی ہے۔ نومولود کا نام سائینا رکھا گیا ہے جب کہ بچے کے تصاویر نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی اور سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر نومولود کی جنم گاہ کا ’’ اے-66‘‘ کی مناسبت سے ہیش ٹیگ بھی متعارف کرادیا گیا۔ واضح رہے کہ برطانیہ میں برفانی طوفان اور تیز ہواؤں سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہے، اب تک برطانیہ میں 10 افراد کی موت کی تصدیق ہوچکی ہے، سڑکوں پر برف کے باعث گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہے اور ملک بھر میں 4 ہزار سے زائد اسکول بند ہیں اسی طرح ہیتھرو اور مانچسٹر سمیت دیگر ایئر پورٹس پر 500 سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں۔