خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانیہ میں مسلمانوں پر گاڑی چڑھانے کا واقعہ، ملزم پر جرم ثابت

برطانیہ میں مسلمانوں پر گاڑی چڑھانے کا واقعہ، ملزم پر جرم ثابت

لندن:(ملت آن لائن) برطانیہ میں فِنز بری پارک کی مسجد کے باہر مسلمانوں پر گاڑی چڑھانے والے ملزم ڈیرن اوسبورن پر اقدام قتل کا جرم ثابت ہوگیا۔ لندن میں دہشت گرد حملے کی سماعت کے دوران جیوری نے فیصلہ سنایا کہ ملزم ڈیرن اوسبورن آن لائن انتہاپسند پروپیگنڈے سے متاثر تھا اور حملے میں زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو مارنا چاہتا تھا۔ ادھر فنزبری مسجد کے امام محمد محمود نے عدالتی فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آج انصاف مل گیا ہے۔ ڈیرن اوسبورن نے گزشتہ سال جون میں تیز رفتار وین مسجد کے قریب نماز پڑھنے والوں پر چڑھا دی تھی جس سے ایک شخص موقع پر جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہو گئے تھے۔ ڈیرن اوسبورن کو سزا بعد میں کسی سماعت کے دوران سنائی جائے گی۔

…………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…بھارت میں دنیا کی سب سے بڑی ہیلتھ کیئر اسکیم کا اعلان

لاہور:(ملت آن لائن)بھارت نے دنیا کی سب سے بڑی ہیلتھ انشورنس اسکیم متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کے ذریعے کروڑوں غریب افراد علاج و معالجے کی سہولیات سے استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ اس وقت بھارت اپنی جی ڈی پی کا صرف ایک فیصد طبی سہولیات اور عوام کے علاج و معالجے پر خرچ کر رہا ہے جس کا شمار صحت کے شعبے میں دنیا کے کم ترین اوسط میں ہوتا ہے۔ بھارت کے وزیر خارجہ ارون جیٹلے نے پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے ہیلتھ انشورنس اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ اس اسکیم کے تحت 10 کروڑ سے زائد غریب افراد کو علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی اور ایک خاندان کو 5 لاکھ روپے سالانہ تک فراہم کیے جائیں گے۔ ارون جیٹلے نے دعویٰ کیا کہ یہ کسی بھی حکومت کی جانب سے سرکاری سطح پر شروع کیا جانے والا دنیا کا سب سے بڑا ہیلتھ کیئر پروگرام ہو گا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت رفتہ رفتہ صحت کے عالمی مقاصد کے حصول کی جانب گامزن ہے۔
بھارت: ڈینگی کی مریض بچی کے علاج کا بل 26 لاکھ
بھارتی حکومت کی جانب سے ہیلتھ کیئر پروگرام کا اعلان قابل تحسین ہے لیکن یہ واضح نہیں ہو سکا ہے کہ اس پروگرام کے ذریعے غریب افراد کو کس طرح سے پرائیویٹ اسپتالوں کے استحصال سے بچایا جا سکے گا۔ بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں پرائیویٹ اسپتالوں کا بہت بڑا لیکن غیر منظم، غیر شفاف اور بے ایمانی پر مبنی نظام موجود ہے جہاں مریضوں سے علاج کی آڑ میں اضافی رقم بٹوری جاتی ہے۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس نومبر میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں واقع ایک اسپتال نے ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہو کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھنے والی کمسن بچی کے علاج کا بل 25 ہزار ڈالر (26 لاکھ 30ہزار 625 پاکستانی روپے) وصول کیا تھا۔