خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانیہ کی یورپی یونین سےعلیحدگی، حالات پرجلد قابوپا لیاجائیگا

ہانگ ژو (آئی این پی )چین کے نائب وزیر خزانہ ژو گوانگ یاؤ نے کہا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین سے الگ ہونے کے عالمی معیشت پر اثرات مرتب ہوئے ہیں تا ہم توقع ہے کہ جلد ہی اس پر قابو پا لیا جائے گا ،پیداہونے والے اثرات پر وقتی طورپر قابو پا بھی لیا گیا تو یہ درمیانی اور طویل مدت تک جاری رہیں گے ،توقع ہے کہ اگر لزبن معاہدے کے مطابق برطانیہ نے یورپی یونین کو جلد چھوڑ بھی دیا تو برطانیہ اور یورپی یونین مستقبل میں شراکت دار کے طورپر کام کرتے رہیں گے ۔ یہ بات چین کے نائب وزیر خزانہ ژو گوانگ یاؤ نے گذشتہ روز بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔جی 20-وزرائے خزانہ کے اجلاس کے بعد ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا ہے کہ جی 20-ممالک برطانیہ کے یورپی یونین سے نکلنے کے بعد پیدا ہونے والے اثرات سے موثر طورپر نمٹنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ، ان ممالک کی معیشت میں اتنا دم خم موجود ہے کہ وہ تو مالی طورپر پیش آنے والے نتائج کا مقابلہ کرسکتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ جی 20-ممالک کو ایسے مالی ، مالیاتی اور بنیادی ڈھانچے کی اصلاحات کیلئے مشترکہ پالیسی اقدام کرنا چاہئیں جس سے عالمی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکے ،صنعتی فاضل پیداوار کے مسئلہ پر قابو پانا چاہئے تا کہ عالمی طلب میں سست روی کے ذریعے پیداہونے والی معاشی کمزوریوں پر قابو پایا جا سکے کیونکہ یہ عالمی چیلنج ہے جس پر توجہ مرکوز کرنی چاہئے ۔