خبرنامہ انٹرنیشنل

برطانیہ یورپی یونین چھوڑنے میں دیر نہ کرے،یورپی یونین صدر

لندن:(اے ہی پی) یورپی رہنماء برطانیہ کی جانب سے علیحدگی کیلئے ہونے والے تاریخی ریفرنڈم کے بعد ‘طلاق’ کے مضمرات پر بحث کررہے ہیں اور بدھ کو باقاعدہ سر جوڑکربیٹھیں گے۔ یورپی یونین کے صدر کا کہنا ہے کہ برطانیہ یونین چھوڑنے میں دیر نہ کرے اور جلد اپنی راہیں الگ کرلے۔ برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے مسئلے پر یورپی یونین کے رہنماؤں کا ردعمل جاری ہے،جرمن چانسلر انجیلا مرکل نےسخت افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ یورپ اور یورپی وحدت کے عمل کے لئے دھچکہ ہے۔ فرانسیسی صدر فرانسوا اولاند نے کہا کہ اس سے ‘یورپ ایک سخت امتحان میں مبتلا ہو گیا ہے۔’اٹلی کی وزیرِ اعظم ماتیو رینزی نے کہا کہ ‘یورپ ہمارا گھر ہے، اس گھر کو مرمت اور بہتری کی ضرورت ہے۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردوغان نے کہا کہ اگر یورپی یونین نے اپنے طور طریقے ٹھیک نہیں کئے تو دوسرے ملکوں کا بھی یونین کو خیرباد کہنا ناگزیر ہے۔ اس حوالے سے یورپی یونین کے رہنماؤں کا پہلا اجلاس بدھ کو منعقد ہو رہا ہے، یورپی یونین نے برطانیہ سے کہا ہے کہ وہ الگ ہونے کے لئے مذاکرات جلد شروع کر دے۔