خبرنامہ انٹرنیشنل

برکینافاسو میں فرانسیسی سفارتخانے اورآرمی ہیڈ کوارٹر پرحملہ، 28 افراد ہلاک

برکینافاسو میں

برکینافاسو میں فرانسیسی سفارتخانے اورآرمی ہیڈ کوارٹر پرحملہ، 28 افراد ہلاک

لاہور:(ملت آن لائن)افریقی ملک برکینا فاسو میں دہشت گردوں نے فرانسیسی سفارت خانے اور آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں 28 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ دہشت گردوں نے پہلے برکینا فاسو کے دارالحکومت اوگا ڈوگو میں وزیر اعظم ہاؤس کے قریب فوجی ہیڈ کوارٹر میں دھماکا کیا تھا اور پھر فرانسیسی سفارتخانے پر بھی دھاوا بولا۔ فوجی ہیڈ کوارٹر پر حملے میں کم از کم 28 اہلکار ہلاک اور 50 سے زائد زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جبکہ برکینا فاسو کی فوج نے مقابلے میں کئی دہشت گردوں کو بھی ہلاک کر دیا۔ دوسری جانب برکینا فاسو کے حکام نے حملے میں 7 فوجیوں اور 8 دہشت گردوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔ جس وقت حملہ آوروں نے آرمی ہیڈ کوارٹر پر حملہ کیا تو اسی دوران 5 حملہ آوروں نے وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کر کے فرانسیسی سفارتخانے میں گھسنے کی کوشش کی۔ فرانس کے وزیر خارجہ جین یس لی ڈرین نے سفارتخانے پر حملے کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ تاحال حملے میں کسی فرانسیسی شہری کی ہلاکت یا زخمی ہونے کی اطلاعات نہیں ہیں اور اس حوالے سے فرانس کے صدرایمینویل میکرون کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ 2016 میں بھی القاعدہ کے دہشت گردوں نے ایک ہوٹل اور ریسٹورنٹ پر حملہ کر کے 170 افراد کو یرغمال بنانے کے بعد 30 افراد کو ہلاک کردیا تھا۔