خبرنامہ انٹرنیشنل

بشاراسد کے حوالے سے امریکا سے کوئی ڈیل نہیں، روس

ماسکو:(اے پی پی) روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کہا ہے کہ شام کے صدر بشار_الاسد کے سیاسی مستقبل کے حوالے سے امریکا اور روس کے درمیان کسی قسم کی خفیہ ڈیلنگ نہیں ہوئی ہے۔ دونوں ملکوں میں صدر اسد کے مستقبل کے حوالے سے ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی تمام خبریں بے بنیاد ہیں۔ماسکو میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ سیرگی لاروف نے کہا کہ صدر بشارالاسد کے مستقبل کا فیصلہ شامی عوام کوکرنے کا حق حاصل ہونا چاہیے۔ اس حوالے سے ہمارے امریکی اتحادیوں کے لیے یہ مناسب نہیں کہ وہ شکوک وشبہات کی فضاء پیدا کرنے کی کوشش کریں۔روسی وزیرخارجہ نے صدر بشار الاسد کے مستقبل کے حوالے سے ماسکو اور واشنگٹن میں طے پائی ڈیل کی خبروں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی خبریں حقائق کو مسخ کرنے کی ناکام کوشش ہیں۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکا شام کے معاملے میں اپنے یورپی اتحادیوں اور خطے کے دوسرے ملکوں پراپنی مرضی کا فیصلہ ٹھونسنے میں ناکام رہا ہے۔ شام میں کون حکومت بنائے اور کس کو اس کا حق نہیں ہونا چاہیے اس کا فیصلہ شامی عوام پر چھوڑ دینا چاہیے۔