خبرنامہ انٹرنیشنل

بشارالاسد کی حکمت عملی سے خانہ جنگی نہیں رکے گی ،امریکہ

واشنگٹن:(اے پی پی)امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے شام کے صدر بشار الاسد کو متنبہ کیا ہے کہ فوجی سبقت حاصل کرنے سے خانہ جنگی کا خاتمہ نہیں ہوگا۔جان کیری نے کہا کہ اگر شامی حکومت نے فروری میں تشدد کے خاتمے کے لیے ہونے والے معاہدے کی خلاف ورزی کی کوشش کی تو اس کا ردعمل سامنے آئے گا۔مشرقی علاقوں بطور خاص حلب میں جنگ میں آنے والی تیزی سے جزوی جنگ بندی کو خطرہ لاحق ہے۔ خیال رہے کہ گذشتہ دس دنوں میں وہاں ڈھائی سو سے زیادہ افراد مارے جا چکے ہیں۔واشنگٹن میں جان کیری نے کہا کہ وہ تشدد میں کمی کے لیے پرامید ہیں۔ انھوں نے صدر الاسد کو جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر متنبہ کیا ہے۔انھوں نے کہا: ’اگر اسد اس کی پاسداری نہیں کرتے تو واضح طور پر ردعمل ہوگا اور ان میں سے ایک جنگ بندی کے خاتمے کے لیے پورا ذمہ دار ہوگا اور پھر جنگ شروع ہو جائے گی۔ میرے خیال سے روس ایسا نہیں چاہتا۔‘ھوں نے مزید کہا: ’اگر اسد کی یہ حکمت عملی ہے کہ کسی طرح حلب کو حاصل کر لیں اور ملک کے ایک طبقے کو نکال لیں تو میں انھیں یہ خبر سنا دوں کہ جنگ ختم نہیں ہو گی۔‘’جب تک کہ جنگ کے مسئلے کا حل نہیں ہوتا یہ اسد کے لیے طبعی طور پر ناممکن ہے کہ ایک علاقے کو نکال کر یہ ظاہر کریں کہ وہ اسے محفوظ بنا دیں گے، اور جب تک اسد وہاں ہیں حزب اختلاف جنگ بند نہیں کرے گی۔‘انھوں نے شام میں سیاسی تبدیلی کے لیے اگست کی ڈیڈ لائن کی بات پر زور دیا۔