خبرنامہ انٹرنیشنل

بغاوت کا اثرہماری تجارتی سرگرمیوں پرنہیں پڑا:ترک وزیراعظم

انقرہ : (اے پی پی) ترک وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت حالات معمول پر آرہے ہیں اور ناکام بغاوت کی کوشش کا اثر ہماری تجارتی سرگرمیوں پر نہیں پڑا ہے۔ترک ذرائع ابلاغ کے مطبق اس بات کا اظہار انہوں نے قصر چانکایہ میں اپنے جارجیئن ہم منصب جورجی کوریک آشویلی کے ساتھ منعقدہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ فتح اللہ گولن تنظیم کی طرف سے بغاوت کی کوشش کے خلاف دوست اور ہمسایہ ممالک نے اپنے خیر سگالی کے پیغامات روانہ کیے ہیں جن میں جارجیا بھی شامل تھا۔انہوں نے کہا کہ ترکی میں اس وقت حالات معمول پر آرہے ہیں، اس بغاوت کا اثر ہماری تجارتی سرگرمیوں پر نہیں پڑا اور ملک کے جمہوری ،سرکاری اور نجی ادارے اپنی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں جو کہ اس بات کا مظہر ہے کہ ملک میں جمہوریت کی جڑیں مضبوط اور ہماری سیاسی اقدار انتہائی اہم بنیادوں پر استوار ہیں۔اس موقع پر جارجیا کے وزیراعظم نے کہا کہ اس بغاوت کو روکنے میں ترک قوم کا نمایاں کردار رہا ہے جنہوں نے اپنی طاقت سے اسے ناکام بنایا ہے۔انہوں نے ترکی کی طرف سے جارجیا کی علاقائی سالمیت اور نیٹو میں شمولیت کی حمایت کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ دونوں ممالک 2006 ء سے تجارتی اشتراک سازی میں پیش پیش ہیں۔