خبرنامہ انٹرنیشنل

بنگلہ دیشی عدالت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنا دی

ڈھاکہ ۔(ملت آن لائن) بنگلہ دیشی عدالت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے ایک اور مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنائی ہے۔امریکی خبررساں ادارے کے مطابق خالدہ ضیا پر اپنے شوہر کے نام پرقائم چیرٹی فنڈ میں نامعلوم ذرائع سے 3 لاکھ 75 ہزار ڈالر کی رقم وصول کرنے کا الزام تھا جس پر عدالت نے ان کے سابق سیاسی سیکرٹری سمیت دیگر 3 افراد کو 7، 7 سال کی سزا سنائی ۔خالدہ ضیا کے حامیوں کا کہنا ہے کہ خالدہ ضیا اور ان کی جماعت کے خلاف ان اقدامات کا مقصد دسمبر میں ہونے والے انتخابات سے قبل اپوزیشن کو کمزور کرنا ہے تاہم حکومت کا کہنا ہے کہ ان کے خلاف الزامات ثابت ہوئے ہیں۔ 73 سالہ خالدہ ضیاء پہلے ہی بدعنوانی کے ایک مقدمے میں 5 سال کی سزا کاٹ رہی ہیں جنہیں رواں ماہ کے آغاز میں صحت کی خرابی کے باعث ہسپتال بھی منتقل کیا گیا تھا تاہم ان کی جماعت نے دونوں الزامات کو سیاسی قرار دیا ہے۔عدالت کے مطابق خالدہ ضیا نے 2001ء سے 2006 ء کے اپنے دورِ حکومت کے دوران اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے اپنے شوہر کے نام پر قائم فنڈ میں نامعلوم ذرائع سے 3 لاکھ 75 ہزار ڈالر کی رقم وصول کی۔خالدہ ضیا کے خلاف عدالتوں میں بدعنوانی، تشدد کے الزام میں 30 سے زائد مقدمات درج ہیں جس کے بارے میں ان کی جماعت کا کہنا ہے کہ یہ مقدمات ان کی سیاسی حریف حسینہ واجد کے حکومت میں رہنے کے باعث قائم کیے گئے جو مسلسل تیسری مدت کے لیے اقتدار میں ہیں۔ بنگلہ دیشی عدالت نے سابق وزیراعظم خالدہ ضیاء کو اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے کے مقدمے میں 7 سال قید کی سزا سنا دی