خبرنامہ انٹرنیشنل

بنگلہ دیش روہنگیا مسلمانوں کو وطن واپسی کی اجازت دے، اقوام متحدہ

بنگلہ دیش روہنگیا مسلمانوں کو وطن واپسی کی اجازت دے، اقوام متحدہ
منیلا: (ملت آن لائن) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے میانمر کی رہنماء آنگ سانگ سوچی پر زور دیا ہے کہ وہ میانمر کی فوج کے مظالم کے باعث اپنے گھربار چھوڑ کر بنگلہ دیش ہجرت کرنے والے 6 لاکھ سے زائد روہنگیا مسلمانوں کو وطن واپسی کی اجازت دے۔ منگل کو بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے یہ مطالبہ میانمر کی رہنماء سے فلپائن میں آسیان کے سربراہ اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں کیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے یہ مطالبہ میانمر کی فوج کے روہنگیا بحران کے بارے میں خود کو الزامات سے بری الزّمہ قرار دینے کے بعد سامنے آیا ہے۔ اس سال اگست سے اب تک 6 لاکھ سے زیادہ روہنگیا بے گھر ہو کر بنگلہ دیش ہجرت کرگئے ہیں۔ بڑی تعداد میں میانمر سے مسلمان آبادی کی بنگلہ دیش نقل مکانی کی وجہ میانمر کے مظالم ہیں اور میانمر کی فوج بلوائیوں کی بھرپور پشت پناہی کررہی ہے۔ ادھر ایمنیسٹی انٹرنیشنل کے ایک ترجمان نے کہا کہ میانمر کی فوج نے یہ واضح کردیا ہے کہ اس کا احتساب کو یقینی بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ اب یہ بین الاقوامی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ مجرم سزا سے بچ نہ سکیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسیان کے اجلاس کے موقع پر کئی ملکوں کے رہنماؤں نے میانمر کی حکومت کو روہنگیا کے پناہ گزینوں کا مسئلہ حل کرنے کا مطالبہ کیا۔