خبرنامہ انٹرنیشنل

بنگلہ دیش مین بدھ راہب کوچاقوکے وارکرکےقتل کردیا

ڈھاکہ (آئی این پی) بنگلہ دیش کے جنوب مشرقی ضلع بندربن میں ایک بدھ راہب کو نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ د یش کے جنوب مشرقی ضلع بندربن کے ایک گاؤ ں بائیشاری میں مقامی دیہاتیوں کو جب راہب دکھائی نہ دیا تو وہ ٹیمپل میں داخل ہوئے جہاں انہیں 75 برس کے بدھ راہب مانگ شو یوچک کی خون میں لت پت نعش ملی۔ بندربن پولیس کے نائب سربراہ جسیم الدین کا کہنا ہے کہ بدھ راہب کو چاقو اور تیز دھار کے آلے سے ہلاک کیا گیا تھا۔ پولیس سربراہ نے رپورٹرز کو بتایا کہ ٹیمپل کے احاطے میں انسانی قدموں کے نشان ملے ہیں اور ایسے اندازے لگائے گئے ہیں کہ چار یا پانچ افراد نے اندر داخل ہو کر یہ واردات کی تھی۔ یہ جگہ دارالحکومت ڈھاکہ سے 350 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔مذہبی اقلیتوں، سیکولر کارکنوں اور درس و تدریس سے منسلک افراد کی حالیہ ہلاکتوں میں یہ تازہ ترین واقع ہے۔ان کے قتل سے قبل اپریل میں ہم جنس پرستوں کے لیے سرگرم دو اہم کارکنوں کا قتل ہو چکا ہے جن میں ایک قانون کا طالب علم اور ایک پروفیسر شامل ہے۔فروری میں ایک ہندو پجاری کا شمالی بنگلہ دیش میں سر قلم کر دیا گیا تھا۔خود کو دولتِ اسلامیہ کہلاانے والی شدت پسند اور القاعدہ سے منسلک بنگلہ دیشی گروپ نے چند ہلاکتوں کی ذمہ داری قبول کی ہے۔دولت اسلامیہ نے کہا ہے اس نے شیعہ مساجد اور مزاروں پر بھی حملہ کیا ہے اور گذشتہ سال دو غیرملکیوں کو ہلاک کیا ہے جن میں ایک اطلالوی امدادی کارکن اور ایک جاپانی ماہر کاشتکاری شامل ہیں۔بنگلہ دیش میں گذشتہ تین سالوں کے دوران مشتبہ اسلام پسندوں کے ہاتھوں کم از کم 20 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔بنگلہ دیش حکومت اس بات سے انکار کرتی ہے کہ ان کے ملک میں دولت اسلامیہ موجود ہے۔