ڈھاکہ: (اے پی پی) بنگلہ دیش میں دیسی ساختہ بم بناتے ہوئے 2افراد ہلاک ہوگئے۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق بنگلہ دیش کے دارلحکومت سے 164کلومیٹر دور جنوب مغربی علاقے جیسور ڈسٹرکٹ میں دو افراد دیسی ساختہ بم بناتے ہوئے ہلاک ہوگئے ۔ ڈسٹرکٹ جیسور کے سپرٹنڈنٹ پولیس انیس الرحمن کا کہنا ہے مذکورہ افراد گاؤں کے ایک گھر میں دیسی ساختہ بم تیار کر رہے تھے جو تیاری کے وقت ہی پھٹ گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں 5افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابھی تک بم تیار کرنے والے افراد کی شناخت نہیں ہوسکی تاہم جائے وقوعہ سے ایک شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔