خبرنامہ انٹرنیشنل

بنگلہ دیش میں کالعدم مذہبی جماعت کا روحانی رہنما گرفتار

ڈھاکہ (ملت + آئی این پی )بنگلہ دیش میں کالعدم مذہبی جماعت کے روحانی رہنما کو گرفتار کرلیا گیا ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق بنگلہ دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ اس نے ایک کالعدم مذہبی جماعت کے روحانی رہنما کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ مذہبی شدت پسند جماعت ملک میں ہونے والے کئی دہشت گردانہ حملوں میں ملوث رہی ہے۔ ساٹھ سالہ مولانا ابوالقاسم کو جمعرات کی شب ان کے ایک خفیہ ٹھکانے سے گرفتار کیا گیا۔ ڈھاکا پولیس کے ڈپٹی کمشنر کے مطابق تحقیقات کے دوران پتہ چلا تھا کہ ابوالقاسم کالعدم مذہبی گروپ جماعت المجاہدین بنگلہ دیش سے وابستہ رہے ہیں اور گزشتہ برس ڈھاکا کے ایک کیفے پر حملہ کرنے والے دہشت گرد ان کی تعلیمات سے متاثر تھے۔