نیو یارک ۔ (اے پی پی)امریکی ماہرین نے دعویٰ کیا ہے کہ ایک بڑا آتش فشاں پھٹنے کے نتیجہ میں چاند کی محوری گردش میں چھ درجے کی تبدیلی آچکی ہے لیکن یہ تبدیلی کئی ارب سال قبل آئی۔ امریکا کی یونیورسٹی آف اریزونا کے محقق جیمز کینز کے مطابق یہ آتش فشاں چاند کی زمین والی طرف واقع ہے ۔ جیمز کینز کے مطابق اس تاریخی حقیقت کے شواہد ماہرین کے پاس گزشتہ 20سال سے موجود تھے لیکن ان سے درست نتائج اخذ کرنا چاند کے تھری ڈی ماڈلز کی مدد سے اب ممکن ہوئے ۔ جیمز کینز نے کہا کہ چاند کے دونوں قطبین پرکسی وقت میں ایک دوسرے سے ٹھیک 180درجے زاویئے پر موجود برف یہ ظاہر کرتی ہے کہ کسی وقت چاند کی محوری گردش کا مرکز اس کے بالکل درمیان میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ چاند کے قطبین پر برف کے کروڑوں سال تک باقی رہنے کی وجہ یہ ہے کہ یہ علاقے ہمیشہ سورج کے مخالف سمت میں رہتے ہیں۔