نئی دہلی ۔(ملت آن لائن) بھارتی ریاست ہریانہ میں خاتون پولیس اہلکار مونیکا حیدر نے اٖفسران کے رویے سے تنگ آکر خود کشی کرلی۔ بھارتی خبررساں ادارے کے مطابق حیدرگڑھ قصبے میں اکشے کمار کے مکان میں کرائے پر رہنے والی مونیکا نے پنکھے سے پھندا لگاکر اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ اطلاع ملنے پر پولیس انسپکٹر دستہ سمیت جائے وقوعہ پر پہنچا اور مونیکا کی پنکھے سے لٹکی لاش اتار کر پوسٹ ماٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دی۔ مونیکا کے کمرے سے خودکشی سے قبل لکھی گئی تحریر ملی ہیا جسے حیدر گڑھ پولیس نے ضبط کرلیا تاہم بعد میں واٹس ایپ پر وائرل ہوگیا۔ نوٹ میں مونیکا نے تحریر کیاتھا کہ وہ تھانے میں کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک سسٹم میں کام کرتی ہے۔ اس کے باوجود لگاتار اس کی ڈیوٹی قانون کے برخلاف باہر لگا ئی جاتی تھی۔ مخالفت کرنے پر پولیس اسٹیشن میں تعینات محرر رخسار احمد اور ایس ایچ او پرشورام اوجھا کی جانب سے ستایا جانے لگا۔ میری غیر حاضری کی رپورٹ تحریر کی گئی۔ 29 ستمبر کو جب میں چھٹی کی درخواست لے کر پرشو رام کے پاس گئی تو انہوں نے رجسٹر پھینکتے ہوئے کہا کہ چھٹی نہیں دوں گا۔ معاملے پر پولیس افسر ان کچھ بھی کہنے سے گریزاں ہیں۔ایس پی وی پی سریواستو نے بتایا کہ واقعہ کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔