خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت؛ مسلمان طالب علم کو کالج سے نکال دیا گیا

نئی دہلی: (ملت+آئی این پی ) بھارت میں مسلمان طالب علم کے داڑھی رکھنے پر اسے کالج سے نکال دیا گیا ، بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بڑھوانی میں میڈیکل کالج کے ایک مسلمان طالب علم نے کہاہے کہ داڑھی رکھنے کی وجہ سے کالج کی انتظایہ نے مجھ پر اتنا دباؤ ڈالا ک اپنی تعلیم سے محروم ہونا پڑا۔طالب علم اسد خان نے میڈیا کو بتایا کہ انھوں نے دسمبر 2013 میں اس کالج میں داخلہ لیا تھا اور اس وقت انھوں نے داڑھی نہیں رکھی ہوئی تھی۔انہوں نے کہا ’میں نے تین ماہ تک اسے نظر انداز کیا۔ وہ دباؤ ڈالتے رہے، مجھے کلاس سے باہر بھی نکال دیا جاتا تھا۔ جب میں نے کہا کہ داڑھی رکھنا میرا حق ہے اور میں نہیں کٹواؤں گا تو میرے کالج میں داخلے پر ہی پابندی لگا دی گئی۔‘اسد نے اپنی شکایت کے ساتھ ضلع انتظامیہ کو فون کالز کے ریکارڈ اور پرنسپل کے ساتھ ہونے والی بات چیت کی ویڈیو سی ڈیز ثبوت کے طور پر پیش کی ہیں۔اگست 2016 میں کالج نے اسد کو ٹرانسفر سرٹیفیکیٹ جاری کیا تھا تاہم اسد نے الزام لگایا ہے کہ ’کالج نے دوسرے سال کی میری حاضری صفر دکھا دی ہے جس کی وجہ سے میں کہیں داخلہ نہیں لے سکتا۔ یہ سراسر غلط ہے اس کی تفتیش ہونی چاہیے۔‘اس بارے میں جب میڈیا میں خبریں شائع ہوئیں تو اس معاملے پر سوشل میڈیا پر بھی تبصرے کیے جا رہے ہیں۔دلی کے سماجی کارکن ندیم خان کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کو عدالت تک لے کر جائیں گے اور اندور کی ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے۔