خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت؛2 پولیس افسران سمیت 21افراد ہلاک

متھرا :(اے پی پی) بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر متھرا میں ایک پارک میں دو سال سے جاری دھرنا ختم کرانے کیلئے پولیس آپریشن کے دوران 2پولیس افسران سمیت 21افراد ہلاک اور ایک سو سے زائد زخمی ہو گئے۔ زخمی ہونے والوں میں سٹی مجسٹریٹ رام اراج یادو بھی شامل ہیں ۔ بھارتی اخبار کے مطابق خود کو ہندوستان کی برطانوی راج سے آزادی کے سرکردہ رہنما سبھاش چندر بوس کے حقیقی پیروکار قرار دینے والے 3ہزار افراد نے گزشتہ دو سالوں سے جواہرپارک باغ کے 280 ایکڑ رقبے پرقبضہ کرکے یہاں دھرنا دے رکھا تھا۔ ان افراد کا تعلق آزاد بھارت ودھیک و چارک کرانتی ستیا گڑھی نامی نتظیم سے ہے۔ یہ لوگ بھارتی وزیر اعظم اور صدر کے انتخاب کو منسوخ ، موجودہ کرنسی کو آزاد ہند فوج کرنسی سے تبدیل کرنے اور ایک روپیہ میں 60 لیٹر ڈیزل اور 40لیٹر پٹرول فروخت کرنے جیسے مطالبات کررہے ہیں۔ پولیس نے دھرنے کے شرکاء سے پارک خالی کرانے کی کارروائی الہ آباد ہائی کورٹ کے حکم پر کی ۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ کے دوران فائرنگ سے دھرنے کے شرکاء کے زیر استعمال ایل پی سلنڈر پھٹنے سے خیموں میں آگ لگ گئی۔رپورٹ کے مطابق پارک کے قریبی علاقوں میں تعیناتی کیلئے پولیس کی مزید نفری طلب کر لی گئی ہے اور صورتحال بدستور کشیدہ ہے ۔