خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت:خلائی شٹل فضاء میں روانہ کرنےکا تجربہ

بنگلور:(اے پی پی) بھارت نے پہلی خلائی شٹل فضاء میں روانہ کرنے کا تجربہ کیا ہے ۔فرانسیسی خبررساں ادارے نے خلائی تحقیق کے بھارتی ادارے آئی ایس آر او کے سربراہ دیوی پرساد کارنیک کے حوالہ سے بتایا کہ عام خلائی شٹل کی جسامت کے چھٹے حصے کے برابر ساڑھے چھ میٹر لمبے اور ڈیڑھ ٹن وزنی ماڈل (ڈمی) ری یوزایبل لانچ وہیکل(آر ایل وی،ٹی ڈی)کو پیر کی صبح ریاست آندھرا پردیش میں واقع سری ہری کوٹا کے لانچنگ پیڈ سے صبح 7 بجے ایک راکٹ کے ذریعے روانہ کیا گیا جو دس منٹ میں زمین سے70 کلو میٹر (43 میل)کی بلندی پر پہنچنے کے بعد واپس خلیج بنگال میں اتر گئی۔ رپورٹ کے مطابق اس خلائی شٹل کی تیاری پر ایک ارب روپے لاگت آئی ہے ۔بھارتی حکام نے اس تجربے کو مصنوعی سیارچے زمین کے گرد مدار میں پہنچانے کے لیے خلائی شٹلز کی تیاری کے حوالہ سے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔حکام کے مطابق حقیقی خلائی شٹل اور اس کو لے جانے والے راکٹ کی تیاری کے لئے مزید دس سے پندرہ سال درکار ہیں۔