خبرنامہ انٹرنیشنل

بھارت:شدید گرمی کے باعث 70سے زائد افراد ہلاک

تلنگانہ:(اے پی پی)بھارت میں ایک بار پھر گرمی کی لہر آگئی ہے ، ریاست تلنگانہ میں ہیٹ اسٹروک سے ستر سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں،شدید گرمی کے باعث جیل سے قیدیوں کو بھی دوسرے شہروں میں منتقل کیا جارہا ہے ۔ بھارت میں قیامت خیز گرمی نے ایک بار پھر انسانوں کونگلنا شروع کردیا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں ستر سے زائد افراد ہلاک ہوگئے ہیں ، سب سے زیادہ ہلاکتیں محبوب نگر میں ہوئی ہیں جہاں اٹھائیس افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار ہوئے ۔نظام آباد ، کریم نگر عادل آباد اور نلکوندا میں بھی ہلاکتیں ہوئی ہیں گرمی اور پانی کی قلت کی وجہ سے لاتور شہر کی جیل سے قیدیوں کو بھی دوسرے شہر کی جیل میں منتقل کیا گیا ہے ۔ آندھرا پردیش ، مہاراشڑ سمیت دیگر ریاستوں میں ہنگامی اقدامات کئے جارہے ہیں اور عوامی مقامات پر پانی کی دستیابی کو یقینی بنایا جارہا ہے جبکہ ہیٹ اسٹروک سے بچنے کے لئے آگاہی مہم شروع کردی گئی ہے ۔